ابوعاصم اعظمی کی پیروی کے بعد عیدالاضحی سے قبل اہم ہدایات جاری

   

ممبئی ، 15 مئی (یو این آئی) مہاراشٹرا سماجوادی پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی پیروی کے بعد مہاراشٹرا پولیس محکمہ نے عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کے تاجروں کے تحفظ اور جانوروں کی نقل و حمل کو منظم بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ مہاراشٹرا کے ڈائریکٹر جنرل پولیس سدانند داتے کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل برائے نظم و نسق ساگر پاٹل کی جانب سے ایک باضابطہ حکمنامہ جاری کیا گیا، جس میں متعلقہ محکموں اور پولیس انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جانوروں کے تاجروں اور بیوپاریوں کو کسی قسم کی غیر ضروری دشواری یا ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی نقل و حمل کے دوران طے شدہ قوانین اور رہنمایانہ اصولوں پر مکمل عمل آوری ضروری ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اگر کسی معاملے میں جانور ضبط کیے جاتے ہیں تو قانونی جانچ کے بعد ضابطے کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ان کی واپسی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔یہ پیش رفت ابوعاصم اعظمی کی کوششوں کے بعد سامنے آئی ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور تاجروں کو درپیش مسائل کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کی تھی اور ایک تفصیلی یادداشت بھی پیش کی تھی۔