اتم کمار ریڈی کا مرکز کو مکتوب، چاول کی خریداری میں 60 دن کی توسیع کا مطالبہ

   

بڑھتی پیداوار مرکز کے کم اہداف پر تلنگانہ کی تشویش
حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چاول کی خریداری کے عمل کو مزید 60 دن تک بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ریاست میں ربیع سیزن 2024-25 کے تحت بڑے پیمانہ پر دھان کی پیداوار ہوئی ہے جس کے پیش نظر چاول کی خریداری کے اہداف میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ربیع سیزن کے لئے پانچ لاکھ میٹرک ٹن (Par boiled Rice) کا نشانہ مختص کیا جائے جبکہ ایف سی آئی کے خام چاول کے حدف کو کم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 8.45 لاکھ میٹرک ٹن چاول کی ترسیل باقی ہے جس کی وجہ سے موجودہ ڈیڈ لائین ناکافی ثابت ہورہی ہے اس لئے مرکز سے 60 دن کی اضافی مہلت دینے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ خریداری کا عمل مکمل کیا جاسکے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ رائس ملرس 5 فیصد ٹوٹے ہوئے (Par boiled Rice) فراہم کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں جو کہ خریداری کے عمل کو آسان بناسکتا ہے۔ انہوں نے کے ایم ایس 2025-26 کیلئے (Par boiled Rice) چاول کے حدف کو 20 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھاکر 40 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق خریف سیزن میں 71.86 لاکھ میٹرک ٹن جبکہ ربیع سیزن میں تقریباً 95 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی پیداوار کے باوجود مرکز کی جانب سے کم اہداف مقرر کئے جارہے ہیں جس سے ریاست میں ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت خریداری نہ کی گئی تو اضافی دھان ریاست پر بھاری مالی بوجھ ڈالے گا اور کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت فراہم کرنا مشکل ہوجائے گا۔2/k/m/b