اتم کمار ریڈی کی چیف منسٹر چھتیس گڑھ وشنو دیو سائی سے ملاقات

   

سمکا ساگر پراجکٹ کیلئے این او سی کی درخواست، زیر آب علاقوں کے معاوضہ کاپیشکش
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز این اتم کمار ریڈی نے نئی دہلی میں چیف منسٹر چھتیس گڑھ وشنو دیو سائی سے ملاقات کی اور سمکا ساگر پراجکٹ کی تعمیر کیلئے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ کی عاجلانہ اجرائی کی درخواست کی ۔ اتم کمار ریڈی نے ذخائر آب سے مقامی سطح پر آبپاشی سہولتوں کیلئے پانی کی سربراہی میں حکومت چھتیس گڑھ سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے چیف منسٹر چھتیس گڑھ کو بتایا کہ تلنگانہ حکومت چھتیس گڑھ میں زیر آب آنے والے علاقوں کا معاوضہ ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ سمکا ساگر پراجکٹ کی تکمیل سے چھتیس گڑھ کے بعض علاقے زیر آب آسکتے ہیں ، لہذا وزیر آبپاشی نے معاوضہ کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پڑوسی ریاستوں سے آبی تنازعات کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت کو بیاریج میں پانی کا ذخیرہ کرنے کیلئے جلد از جلد این او سی جاری کرنی چاہئے ۔ ملگ ضلع میں یہ بیاریج 1143 میٹر طویل ہے اور اس کے 59 ریڈیل گیٹس رہیں گے۔ بیاریج میں 6.94 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری رام ساگر پراجکٹ فیس II کے تحت سوریا پیٹ ، محبوب آباد ، کھمم اور جنگاؤں کے علاوہ ملگ ضلع میں 4.40 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ نے تلنگانہ کی درخواست پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔1/k