اختلافات کو ختم کرنے قائدین کو ملکارجن کھرگے کا مشورہ

   

اتم کمار اور بھٹی وکرامارکا کی ملاقات، پارلیمنٹ سیشن تک عاملہ کے عہدیداروں کو قطعیت
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اختلافات کو ختم کرتے ہوئے متحدہ طور پر آئندہ اسمبلی انتخابات کا سامنا کریں۔ کھرگے سے دہلی میں تلنگانہ سینئر قائدین نے کل رات ملاقات کی اور ریاست کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور تشہیری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی نے صدر کانگریس کو ریاست کی صورتحال سے واقف کرایا ۔ کھرگے نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کیلئے اقتدار میں واپسی کے مواقع روشن ہیں تاہم قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے کیڈر کا حوصلہ بلند کریں اور عوام کا اعتماد حاصل کریں۔ کھرگے نے پارٹی قائدین کو تیقن دیا کہ گجرات اسمبلی انتخابات یا پھر پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے بعد وہ تلنگانہ امور پر قائدین سے مشاورت کریں گے اور 2023 اسمبلی الیکشن کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق صدر کانگریس نے پارٹی قائدین سے علحدہ علحدہ ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ پارلیمنٹ سیشن سے قبل تلنگانہ میں ضلع صدور اور پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دے دی جائے گی اور اس کیلئے صدر پردیش کانگریس سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ تقررات میں پارٹی کے تمام گروپس اور طبقات کو نمائندگی دی جائے گی۔ ہائی کمان نے پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ محمد علی شبیر کنوینر برقرار رہیں گے۔ ر