ادارہ ’سیاست ‘کی ترکیہ کو 10 لاکھ کی امداد ‘جناب زاہد علی خان کی ہدایت

   

حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) ترکیہ میں آئے زلزلہ کے مصیبت زدگان کے لئے ادارۂ سیاست سے 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد ترکیہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے ادارہ سیاست کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ کے متاثرین کیلئے جاری راحت کاری کاموں کیلئے 10 لاکھ روپئے بطور امداد روانہ کرنے ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی یہ امداد قونصل خانہ ترکیہ متعینہ حیدرآباد کے توسط سے ترکیہ سفارت خانہ کو روانہ کردی جائیگی ۔ ترکیہ میں آئے زلزلہ کے سبب ہلاکتوں میں روزانہ اضافہ ہونے لگا ہے اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کاموں کے دوران ملبہ ہٹانے کے بعد ملنے والی نعشوں کی گنتی میں اضافہ سے عالم انسانیت تکلیف میں مبتلاء ہونے لگا ہے ۔ زلزلہ کی وجہ سے کروڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور لاکھوں زخمی ہیں جبکہ فوت ہونے والوں کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ ہونے لگا ہے۔ جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ جب کبھی دنیا بھر میں کسی بھی مقام پر انسانیت آزمائش میں مبتلاء ہوئی اس وقت شہریان حیدرآباد نے اپنے تعاون کے ذریعہ بقائے انسانی کو یقینی بنانے میں مدد کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ ٔ سیاست نے ترکیہ کے متاثرین کے لئے 10لاکھ روپئے کی امداد روانہ کردیئے ہیں اس کے علاوہ بعض ضروری اشیاء جو روانہ کی جانی ہیں اس کے متعلق بھی قونصل خانہ سے رابطہ کیا کرتے ہوئے راست روانہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ قونصل خانہ کی جانب سے کسی بھی طرح کی اشیاء کی وصولی کا سلسلہ بند کیا جاچکا ہے۔ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ ادارہ ٔ سیاستکا یہ وطیرہ رہاہے کہ وہ جب کبھی ملت مظلومہ کو ضرورت رہی ہے اپنے طور پر ممکنہ امداد کی ہے اور امداد بہم پہنچانے میں کو کسر باقی نہیں رکھی ۔ مقبوضہ کشمیرمیں زلزلہ ‘ گجرات و ممبئی کے فسادات میں راحت کاری و بازآبادکاری کے کاموں کے علاوہ دیگر مقامات پر ادارہ سیاست نے راست اپنی نگرانی میں ممکنہ حد تک راحت کاری کے کام انجام دیئے ہیں۔م