کیوڑیا، 22 ستمبر (یواین آئی) دوردرشن پر کبھی نشر ہونے والے معروف ڈرامہ سیریل ‘مالگڈی ڈیز’ دیکھ کر بڑی ہونے والی نسل کے لیے اننت ناگ محض ایک معروف چہرہ نہیں بلکہ ہندوستانی سلور اسکرین کی ایک مؤثر آواز رہے ہیں۔ منگل کو اس گہرے تعلق میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہوا، جب اس لیجنڈ اداکار کو گجرات کے کیوڑیا میں واقع ایکتا نگر میں منعقدہ 72ویں قومی فلم ایوارڈز تقریب میں سال 2024 کے ‘دادا صاحب پھالکے ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ ملک کا یہ اعلیٰ ترین سنیما اعزاز حاصل کرتے ہوئے ناگ نے اسے ”انتہائی فخر کا لمحہ” قرار دیا اور کہا کہ پانچ دہائیوں سے زیادہ طویل فلمی سفر کے بعد یہ اعزاز ملنے پر وہ خود کو انتہائی خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔ تقریب سے اداکار نے اپنے خطاب میں کہاکہ آپ سب کے درمیان موجود ہونا میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے ، میں آپ سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔’ اپنی اس تاریخی کامیابی کے بارے میں ناگ نے واضح کیا کہ وہ اسے محض اپنی ذاتی کامیابی نہیں سمجھتے بلکہ یہ ان تمام لوگوں کا اعزاز ہے جو ان کے طویل کریئر میں ان کے ہم سفر رہے ۔ انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں، ہدایت کاروں، معاونین اور عملے کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی ان کروڑوں ناظرین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے نبھائے ہوئے کرداروں کو کھلے دل سے اپنایا۔ کنڑ سمیت کئی ہندوستانی زبانوں کی فلموں میں اپنی الگ شناخت بنانے والے ناگ نے اس موقع پر تھیٹر سے ہندوستانی سنیما کے ایک اہم ستون بننے تک کے اپنے سفر کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے انہوں نے تقریباً پانچ سال تھیٹر میں گزارے ۔
یہی سال ان کی تربیت کے تھے اور یہیں سے اداکاری نے ان کی زندگی کو ایک نئی سمت دی۔