جامع مسجد چوک میں نعتیہ مشاعرہ، مولانا ڈاکٹر رضوان قریشی کا خطاب، شعراکا نذرانہ عقیدت
حیدراباد 11 ستمبر (راست) مولانا حافظ وقاری ڈاکٹر محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے کہا کہ قرآن حکیم صبح قیامت تک ساری دنیا میں پڑھی جانے والی عظیم الشان اور مقدس کتاب ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ اس کی ہر روز تلاوت کرے قرآن مجید کے معنی و مطلب کو سمجھیں اور اپنی زندگی کو اللہ اور رسول کے احکام کے مطابق گزاریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتظامی کمیٹی مسجد چوک کی جانب سے دو روزہ جشن میلاد کے سلسلے میں نعتیہ مشاعرے کے موقع پر جامع مسجد چوک میں اپنے خصوصی خطاب میں کیا ۔ جناب منور حسین صدر بزم حسین نے نگرانی کی بعد ازاں غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ ہوا ۔ محفل کاآغاز مولانارضوان قریشی کی کمسن دختر ماریہ رضوان قریشی کی قرائت سے ہوا نظامت کے فرائض مزاحیہ و نعتیہ شاعر جناب لطیف الدین لطیف نے کی اس موقع پر جناب محمد علی عرف چاند بھائی کی جناب منور حسین نے شال پوشی کی ۔مولانا ڈاکٹر محمد رضوان قریشی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حضور کی شان میں محفلیں سجانا’ آپ کا ذکر کرنا اور سیرت کا تذکرہ کرنا یہ صحابہ کی سنت ہے اور خود حضور کا پسندیدہ عمل بھی ہے انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانا باعث برکت ہے لیکن اس سلسلے میں ادب و احترام کو ہر حال میں باقی و برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے ۔مولانا رضوان قریشی نے مزید کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالی نے صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ ساری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ساری مخلوقات جن میں چرند’ پرند’ سمندر میں رہنے والی مخلوق اور جتنی بھی مخلوقات ہیں تمام مخلوقات کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رحمت ہی رحمت بن کر تشریف لائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم میں جتنی آیتیں ہیں ان سب میں سب سے عظیم الشان آیت وما ارسلنک الا رحمت اللعالمین ہے اس سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رفعت اور شان و مرتبہ ظاہر ہوتا ہے۔محفل میلاد میں رکن نمائش سوسائٹی جناب تقی الدین شجیع کے علاوہ جناب سید ظہور الدین چیئرمین سکندرآباد کوآپریٹو بینک’ محمد حسام الدین ریاض’ سید عبدالمجید’ جناب محمد راشد انور ‘ محمد سکندر’ نجم الدین ‘ ستار خان علیم’ محمد رفیع ڈھاکلی ‘ محمد مجاہد علی’اعظم خان’ لیاقت علی خان ‘ محمد عارف اور دوسروں نے شرکت کی ۔ شاعر ڈاکٹر فاروق شکیل کی نگرانی میں نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا نگران مشاعرہ کے علاوہ سردار سلیم ‘شاہدعدیلی’ سمیع اللہ حسینی سمیع’ قاضی فاروق عارفی’ طاہر گلشن آبادی’ اکبر خان اکبر’ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری’ جناب فرید سحر’ ظفر فاروقی’ پروفیسر محمد مسعود احمد’ علی جواد شہپر’ جناب لطیف الدین لطیف’ امین الدین انصاری ‘ سہیل عظیم اور جناب جہانگیر قیاس نے نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ جناب منور قادری اور دوسروں نے سلام پڑھا ۔ لطیف الدین لطیف کے شکریہ پر نعتیہ محفل کا اختتام عمل میں آیا بعدزاں شرکاء کے لیے عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔