نئی دہلی، 8 اپریل (یواین آئی ) ہاکی انڈیا نے 13 سے 17اپریل تک ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں کھیلے جانے والے دورے کے لیے24 رکنی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ارجنٹینا جیسی مضبوط عالمی ٹیم کے خلاف چار میچوں پر مشتمل یہ دورہ 2026 میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ (بیلجیم و نیدرلینڈز) اور ایشیائی کھیلوں کی تیاری کے حوالے سے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے ۔ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج شامل کیا گیا ہے ، جو حالیہ برسوں میں ہندوستانی خواتین ہاکی کی بڑھتی ہوئی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے ۔تجربہ کار مڈفیلڈر سلیمہ ٹیٹے بدستور ٹیم کی کپتان ہوں گی، جو مڈفیلڈ میں استحکام اور قیادت فراہم کرتی ہیں۔ فارورڈ دیپیکا، جو انجری کے باعث ٹیم سے باہر تھیں، اب واپسی کر رہی ہیں، جس سے ٹیم کی اٹیکنگ صلاحیت میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ان کی غیر موجودگی میں نوینیت کور، منیشا چوہان، ادیتا اور انو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر انو نے کوالیفائر کے دوران اپنی ڈریگ فلک مہارت سے سب کو متاثر کیا۔ دیپیکا کی واپسی سے ٹیم مزید متوازن اور مضبوط دکھائی دے رہی ہے ۔گزشتہ ایک سال کے دوران نوینیت کور ٹیم کی نمایاں کھلاڑیوں میں شامل رہی ہیں اور آئندہ اہم مقابلوں میں ان کا کردار کلیدی ہوگا۔سینئر گول کیپر سویتا بھی ٹیم میں واپس آ گئی ہیں، جو حالیہ کوالیفائر میں شریک نہیں ہو سکی تھیں۔ ان کی واپسی بروقت سمجھی جا رہی ہے۔E/K
اورنج اور پرپل کیپ پر راجستھان کا قبضہ
گوہاٹی،8اپریل (یواین آئی ) آئی پی ایل میں راجستھان رائلزکے کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ٹورنمنٹ کے اس مرحلے پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے (اورنج کیپ) اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے(پرپل کیپ) دونوں کا تعلق راجستھان رائلز سے ہے ۔ اوپنر یشسوی جیسوال نے ممبئی انڈینز کے خلاف بارش سے متاثرہ 11 اوورز کے میچ میں تباہ کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے محض 32 گیندوں پر ناقابلِ شکست 77 رنز بنا کر اورنج کیپ اپنے نام کر لی۔لیگ اسپنر بشنوئی بولنگ میں سرفہرست ہیں۔ E/K