اردو زبان میں مفید کتابوں کی اشاعت وقت کی اہم ضرورت:پروفیسراحمد

   

نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے قومی اردو کونسل چوں کہ اردو زبان کی ہمہ گیر ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہے ،اسی لیے مختلف عنوانات کے تحت باقاعدہ پینل تشکیل دیے گئے ہیں تاکہ ان پر عمدہ اور معیاری کتابیں مرتب کرواکے شائع کی جائیں اور اردو زبان کے علمی و ادبی ذخیرے میں اضافہ کیا جائے ۔یہ عہد انہوں نے آج لسانیات و سماجی لسانیات پینل کی میٹنگ منعقدہ کہی جس کی صدارت پروفیسر ابوذرعثمانی نے کی۔ انہوں نے کونسل کے ڈائرکٹر تمام شرکا اور مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ لسانیات اور سماجی لسانیات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،جس کا مقصد اردو میں لسانیات پر کتابیں شائع کرنا اور اردو قارئین کو اردو کے علاوہ دیگر زبانوں کی لسانیات سے بھی آگاہ کرنا ہے ۔ اس موقعے پر پچھلی میٹنگ میں پیش کردہ تجاویز کی تائید کی گئی اور پینل کے تحت جاری مختلف تصنیفی و تحقیقی پروجیکٹس پر تبادلہئ خیال اور غور و خوض کیا گیا۔ جن تحقیقی و تصنیفی پروجیکٹس پر اس دوران گفتگو ہوئی ان میںتلگو اردو لغت،اردو ملیباری لغت اور اردو کشمیری لغت بطور خاص قابل ذکر ہیں،ان کے علاوہ اردو زبان،لسانیات اور اردو تدریس سے متعلق مختلف منصوبے زیر بحث آئے جن پر کونسل کے زیراہتمام کتابیں شائع کی جائیں گی۔ پروفیسر ابوذر عثمانی نے اپنی صدارتی گفتگو میں کہا کہ سماجی لسانیات پر انگریزی اور دوسری زبانوں کی کتابوں سے استفادہ کرکے اردو میں ایک جامع کتاب مرتب کی جاسکتی ہے ،اسی طرح سماجی لسانیات کے موضوعات بھی متعین کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ پینل کی طرف سے جو علمی و تحقیقی پروجیکٹ منظور ہوں انھیں وقت مقررہ پر پورا کرنے پر زور دیا جائے ۔ انھوں نے اردو اور سماجی لسانیات کے خصوصی مطالعے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی اور لسانیات کے موضوع کو سہل بناکر قارئین کی خدمت میں پیش کرنے کی وکالت کی۔
انھوں نے اس میٹنگ کے انعقاد پر ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف اس موضوع سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان شاء اللہ ان کی سربراہی میں اس پینل کے تحت عمدہ کتابیں منظر عام پر آئیں گی۔ اس میٹنگ میں پروفیسر اے آر فتیحی،پروفیسر امتیاز حسنین،پروفیسر اودیش کمار مشرا،پروفیسر اعجاز محمد شیخ،پروفیسر نذیر احمد، جناب محمد اشرف نندن اور کونسل سے ڈاکٹر کلیم اللہ (ریسرچ آفیسر) محمد شہاب الدین (ریسرچ اسسٹنٹ)وغیرہ موجود رہے ۔