حیدرآباد۔3 ۔مارچ (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی طلبہ کیلئے زائد از نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے ثقافتی سرگرمی مرکز قائم کیا جارہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن پیر کو صبح 10.30 بجے افتتاح انجام دیں گے ۔ اس موقع پر سہ روزہ ورکشاپ کہانی کیسے لکھیں کا افتتاح بھی ہوگا۔ ڈاکٹر فیاض احمد ہیڈ کنسلٹنٹ پریتم ایجوکیشن فاؤنڈیشن نئی دہلی ورکشاپ کا تعارف پیش کریں گے۔ پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار کا خطاب ہوگا۔ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی خیرمقدم کریں گے۔ اسی دوران یونیورسٹی کے شعبہ عربی کی جانب سے قومی سمینار منعقد ہوا۔ ہندوستان میں عربی زبان، مسائل اور امکانات کے موضوع پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سید جہانگیر شعبہ عربی ایفلو نے کہا کہ عربی زبان ایک زندہ جاوید زبان ہے۔ 1400 برس گزرنے کے باوجود عربی زبان عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1400 سال قبل لکھی گئی عربی تحریر سمجھنے میں آج کوئی دقت پیش نہیں آتی۔ یہ زبان کی عظمت کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی میں 400 سال قبل کی تحریر کردہ زبان کو پڑھنے میں آج دشواری محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے عربی زبان کے فروغ کے لئے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس کو مزید محنت کرنے کا مشورہ دیا۔ جامعہ حرمین شریفین عربی ، انگریزی اسلامی انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے سمینار منعقد ہوا۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود نے صدارت کی۔ر