مرکزی حکومت کےبجٹ پیش ہونے میں نو دن پہلے وزارت خزانہ کی ذمہ داری ارون جیٹلی سے ان کی خرابی صحت کی وجہ سے لے لی گئی ہے اور خزانہ کا اضافی چارج پیوش گوئل کو دے دیا گیا ہے ۔ اس سے صاف ہو گیا ہے کہ موجودہ مودی حکومت کا آخری بجٹ پیوش گوئل پیش کریں گے ۔ ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے وزیراعظم نریندر مودی کے مشورہ پر خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر ارون جیٹلی کے صحت مند نہ ہونے کی وجہ سے ان کے محکموں کی فاضل ذمہ دار ی وزیر ریلوے پیوش گوئل کو دے دی ہے۔ یہ سرکاری ریلیز کل رات جاری کی گئی تھی ۔ادھر یہ مشورہ بھی دیا گیا کہ جب تک جیٹلی مکمل طورپر صحت مند نہیں ہوجاتے یا اپنا کام کاج نہیں سنبھالتے ہیں تب تک انہیں بغیرمحکمہ والے وزیر کا درجہ دیا جائے۔
خیال رہے کہ جب گزشتہ برس جیٹلی کا گردہ ٹرانسپلانٹ ہوا تھا تو اس اس وقت بھی ان کے محکموں کا فاضل چارج گوئل کو ہی دیا گیا تھا۔ارون جیٹلی 13جنوری کو علاج کے لئے امریکہ گئے تھے اور اس وقت سے یہ قیاس لگائے جا رہے تھے کہ موجودہ حکومت کے ذریعہ پیش کیا جانے والا عبوری بجٹ وہ نہیں پیش کر پائیں گے کیونکہ ارون جیٹلی نے خود کہا تھا کہ وہ دو ہفتوں کے لئے امریکہ جا رہے ہیں ۔مارچ میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہو جائے گا اس لئے ابھی صرف عبوری بجٹ پیش کیا جائے گا جس سے حکومت کا کام کاج نہ رکے۔ بجٹ کے تعلق سے حلوے کی تقریب کے بعد بجٹ دستاویزوں کی چھپائی کا عمل پیر سے شروع ہو چکا ہے۔
واضح رہے ارون جیٹلی کا منگل کو امریکہ میں آپریشن ہوا اور س کے بعد ڈاکٹر وں نے ان کو کم از کم دو ہفتوں کے لئے آرام کرنے کو کہا ہے ۔