وکیل پرتاپ گوڑ اور خاطی نندکمار کی بیوی چترا لیکھا سے پوچھ تاچھ
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) ارکان اسمبلی کی خریداری کے معاملہ میں اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ایس آئی ٹی نے تحقیقات میں شدت پیدا کردی ہے۔ اس میں عنبرپیٹ سے تعلق رکھنے والے وکیل پرتاپ گوڑ اور خاطی نند کمار کی بیوی چترا لیکھا کو ایس آئی ٹی طلب کیا گیا جنھیں قبل 14 اے سی آر پی سی کی نوٹس جاری کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ تین ٹیموں پر مشتمل ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے ان سے علیحدہ علیحدہ پوچھ تاچھ کی ۔ ایس آئی ٹی کے روبرو حاضر ہونے والے یہ افراد کافی اُلجھن میں دکھائی دے رہے تھے جن سے علیحدہ کمروں میں تقریباً 8 گھنٹے سے زائد تک پوچھ گچھ کی گئی۔ خاطی نند کمار کی بیوی چترا لیکھا اور ایڈوکیٹ پرتاپ گوڑ کے درمیان فون، واٹس ایپ چیاٹنگ اور کال ریکارڈ کی موجودگی پر ایس آئی ٹی نے سوال کیا اور پرتاپ سے بات چیت اور چیاٹنگ کے متعلق سوالات کئے۔ پہلے انکار کرنے والے وکیل نے ایس آئی ٹی کے عہدیداروں کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ثبوت اور شواہد پیش کرنے کے بعد وکیل خاموش ہوگیا اور ایس آئی ٹی کی ٹیم کو اُنھوں نے کچھ اہم اطلاعات فراہم کیں۔ تاہم ان اطلاعات کو عہدیداروں نے راز میں رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان فون کالس اور چیاٹنگ کے تعلق سے چترا لیکھا نے بھی ایس آئی ٹی کے سوالات پر کوئی جواب نہیں دیا۔ پرتاپ اور چترا لیکھا کی جانب سے تحقیقات میں تعاون پیش نہ کرنے پر ایس آئی ٹی نے ان سے دوبارہ پوچھ تاچھ کا اشارہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چترا لیکھا نے جس کمپنی میں وہ بحیثیت ڈائرکٹر خدمات انجام دیتی ہیں اس کمپنی کے متعلق پوچھے گئے سوالات کا ڈٹ کر جواب دیا تاہم پرتاپ سے کی گئی بات چیت کے متعلق وہ خاموش رہیں۔ ایس آئی ٹی نے ان دونوں کو پیر کے دن دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اس معاملہ میں ایک اور شخص سرینواس پوچھ تاچھ کے لئے غیر حاضر رہا۔ حالانکہ ہائی کورٹ کی جانب سے اُسے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس کیس میں سرینواس بھی خاطیوں کی فہرست میں شامل ہے۔ ع