استحصالی طرز نظام کو دفن کردیں، نوجوانوں کو ریونت ریڈی کا مشورہ

   

کھلاڑیوں کو سرکاری ملازمتیں اور تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے حکومت سے مطالبہ، ظہیرآباد میں پی سی سی صدر کا خطاب

ظہیرآباد۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے کل شب یہاں باگاریڈی اسٹیڈیم میں منعقدہ راجیو گاندھی میموریل کرکٹ کپ میچ کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی سیاست میں سرگرم حصہ لیتے ہوئے استحصالی طرز نظام کو دفن کردیں۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال نوجوانوں کیلئے سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اسپورٹس کو فروع دینے کیلئے ریاستی حکومت بجٹ میں قابل لحاظ فنڈ مختص کرے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں اسپورٹس کو پروان چڑھانے کیلئے کھلاڑیوں کو سرکاری ملازمتیں اور تعلیمی سہولتیں فراہم کی جاتی تھیں۔ ریاستی حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ بھی اسی طرح کے اقدامات کرے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پی وی سدھو اور ثانیہ مرزا کا سرکاری سرپرستی میں ہی بین الاقوامی سطح پر کھیل کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ملک کا نام روشن کرنے کا موقع فراہم ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس میں ہار اور جیت لگی ہوئی رہتی ہے جبکہ ہارنے والے کو سخت محنت کے ذریعہ بہتر مظاہرہ کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں الکحل اور ڈرگس کا کاروبار زوروں پر چل رہا ہے جبکہ پہلی مرتبہ برسر اقتدار آنے والی ریاستی حکومت کی الکحل سے ہونے والی آمدنی 10880 کروڑ روپئے تھی جو اب بڑھ کر 36000 کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔ اس موقع پر کارگذار صدور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی محمد اظہر الدین، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، مدن موہن راؤ، سابق چیرمین ڈی سی سی بی ایم جئے پال ریڈی، ٹی پی سی سی ممبر وائی نروتم، صدر ظہیرآباد منڈل پریشد این گریدھر ریڈی، صدر کانگریس ظہیرآباد منڈل پی نرسمہا ریڈی، صدر کانگریس ظہیرآباد ٹاون کنڈیم نرسملو، سید مسعود حسین اور دیگر کے بشمول کرکٹ کھلاڑی موجود تھے۔