استنبول میں ناشرین کی سہ روزہ کانفرنس

   

مختلف امور کا جائزہ ، پروفیسر ڈاکٹر محمود بلوت اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔25۔ستمبر۔(سیاست نیوز) عالمی سطح پر اسلامی کتب کی نشر و اشاعت کرنے والے ناشرین کی سہ روزہ عالمی کانفرنس کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے استنبول پہنچے مندوبین کو انٹرنیشنل یونین آف اسلامک بک پبلیشرس IUIBP کے قیام کے مقاصد سے واقف کروایا گیا ۔آج منعقد ہوئے اجلاس کے دوران عالمی اسلامی کتب کے ناشرین کو متحد کرتے ہوئے مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس سہ روزہ عالمی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمود بلوت نے کتب کے مطالعہ اور اسلامی کتب کی نشر و اشاعت اور دورحاضر میں ان کی اہمیت کے متعلق اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں اسلامی کتب کتب کی اشاعت اور مطالعہ کے رجحان میں پیدا ہونے والی کمی کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے ۔ انہو ںنے ناشرین کو درپیش چیالنجس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم چیالنج مطالعہ کے رجحان میں عالمی سطح پر ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں مغربی دنیا نے کتب کے مطالعہ کے رجحان میں کمی آنے نہیں دی بلکہ کئی ڈیجیٹل کتب کو روشناس کرتے ہوئے اپنے قارئین پر گرفت باقی رکھی ہے اسی طرح اسلامی کتب کے ڈیجٹلائزیشن میں ناشرین پیچھے نہیں ہیںاس کے باوجود کتب بینی و مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینے کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ افتتاحی اجلاس کے بعد اسلامی کتب کی اشاعت اور ناشرین کو درپیش چیالنجس کے عنوان پر مذاکرہ منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر محمد المختار الشنقیطی ‘ پروفیسر ڈاکٹر محمود گرمیز‘ پروفیسر ٹم ونٹر (عبدالحکیم مراد) نے حصہ لیتے ہوئے اسلامی کتب کے فروغ کے لئے اپنی تجاویز پیش کی۔بعد ازاں منعقد ہونے والی گول میز کانفرنس میں ھدیٰ اسلامی بک پبلیشرس کے جناب سید عبدالباسط شکیل نے حصہ لیتے ہوئے حیدرآباد دکن اور ہندستان میں اسلامی کتب کی اشاعت اور مطالعہ کے رجحان کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی ناشرین و اداروں کی نگرانی میں شائع ہونے والی اسلامی کتب کے مطالعہ کا رجحان اب بھی باقی ہے اور حیدرآباد سے ان کے ادارہ نے مطالعہ کے ذوق کی برقراری کے لئے اشاعت میں جدیدکاری بالخصوص بچوں کے لئے دلچسپ بنانے کے لئے کئے گئے تجربوں سے واقف کروایا۔ استنبول میں شروع ہوئی 25تا27 اس عالمی کانفرنس میں شریک مندوبین نے اپنے ممالک میں اسلامی کتب کی اشاعت اور ان کے فروغ کے علاوہ مطالعہ کے رجحان کے متعلق واقف کروایا۔ بتایاجاتاہے کہ IUIBPکی اس پہلی عالمی کانفرنس کے دوسرے دن اس تنظیم کے ذمہ داروں کے انتخابات کا عمل مکمل کرتے ہوئے صدرنشین و ڈائریکٹر س کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور تین روزہ کانفرنس کے دوران منعقد ہونے والے سیشن میں جن امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گاان پر مبنی قرارداد کی تیاری کے بعد اسے منظور کرتے ہوئے ادارہ کو عالمی سطح پر مختلف ممالک میں قائم کرنے کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔3/m/b