شیوسینا کے ایم پی سنجے راوت نے ہفتہ کے روز مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ اتحاد کی اے آئی ایم آئی ایم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اورنگ زیب کے مقبرے کے سامنے سر جھکانے والے مہاراشٹر کے آئیڈیل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اسد الدین اویسی کی قیادت والی پارٹی کو بی جے پی کی ‘بی ٹیم’ قرار دیا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے مہاراشٹر میں حکمراں شیو سینا، کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ساتھ اتحاد کا مشورہ دے کر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ جلیل نے کہا ہے کہ حکمران ایم وی اے تین پہیوں والے آٹو رکشا سے ‘آرام دہ کار’ میں بدل سکتا ہے، جو بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روک سکتا ہے راوت نے کہا، “اے آئی ایم آئی ایم کا بی جے پی کے ساتھ خفیہ اتحاد ہے، جو اتر پردیش اور مغربی بنگال میں ثابت ہو چکا ہے اے آئی ایم آئی ایم بی جے پی کی ‘بی’ ٹیم ہے اور رہے گی۔ ایم وی اے تین جماعتی اتحاد ہے اور اس میں چوتھے پارٹنر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔