بنگلورو: ملک کی سیکورٹی پر گہرائی سے نظر رکھنے کیلئے ہندوستان آئندہ پانچ سالوں میں 50 جاسوسی سٹلائیٹس لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ان جاسوسی سٹلائیٹس کے ذریعہ ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں ہو رہی دہشت گردانہ سرگرمیوں اور خفیہ جانکاری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اِسرو چیف ڈاکٹر ایس سومناتھ نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ ہم ان پانچ سالوں میں سبھی 50 سٹلائیٹس کو لانچ کریں جس سے دشمن ممالک کی ہر ایک حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔سائنس کی دنیا میں ہندوستان لگاتار اپنے قدم بڑھا رہا ہے۔ تیزی سے بڑھتے ہندوستان کو کئی پڑوسی ممالک سے خطرہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سبھی طرح کے خطرات کو دیکھتے ہوئے اب ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ نے ایک اور بڑے پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔ اِسرو چیف سومناتھ نے جانکاری دی ہے کہ ہندوستان خفیہ جانکاری جمع کرنے کیلئے آئندہ پانچ سالوں میں 50 سٹلائیٹس کو لانچ کرنے کا ہدف رکھ رہا ہے۔