حیدرآباد، 31 اکٹوبر [سیاست نیوز] چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کی جانب سے راکٹ کے ذریعے NVS-03 نیویگیشن سیٹلائٹ کی کامیاب انداز میں مدار میں منتقلی پر اسرو کے سائنسدانوں، انجینئروں اور پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی کو ملک کے خلائی سفر میں ایک انتہائی اہم اور جدید سنگ میل قرار دیا جس سے ہندوستان کا اپنا نیویگیشن نظام مزید مضبوط اور بااختیار ہوگا۔چیف منسٹر نے اپنے پیغام میں کہا کہ NVS-03 سیٹلائٹ کی کامیاب شروعات سے ملک کے اہم اور حساس شعبوں جیسے حمل و نقل، ہوا بازی، بحری سفر، نگرانی اور ہنگامی خدمات کے شعبے میں مزید جدید اور بہتر سہولیات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرو کی یہ تاریخی کامیابی پورے ملک کے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خلائی سائنس کے میدان میں ملک کو خودکفیل بنانے پر اسرو کے تمام عملے کی ستائش کی اور مستقبل میں اسرو کی مزید کامیابیوں کی تمنا کا اظہار کیا۔2/a/b