ہر رائے دہندہ سے ربط، قائدین کے اختلافات دور کرنے کی ہدایت، بنڈی سنجے کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں مشن 2023 اور لوک سبھا انتخابات 2024 کیلئے بنیادی سطح پر رائے دہندوں سے رابطہ کی بڑے پیمانے پر مہم کی تیاری شروع کردی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے نئی دہلی میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا اور آرگنائزنگ سکریٹری بی ایل سنتوش کے ساتھ انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے نے قومی قیادت کو دو علحدہ فارمولے تجویز کئے ہیں جن کے ذریعہ عوام کو پارٹی سے قریب کیا جاسکتا ہے۔ پارٹی نے پہلے مرحلہ میں بوتھ سطح کے قائدین کو علاقہ میں موجود ہر رائے دہندہ سے ربط قائم کرنے کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پارٹی قائدین کے ساتھ رائے دہندوں کا بہتر تال میل رہے۔ دوسرے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں طاقتور اور موزوں امیدواروں کی تلاش کا کام کیا جائے گا جس کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جس میں پارٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 5 قائدین کو شامل کیا جائے گا۔ بنڈی سنجے نے پارٹی قیادت کو بتایا کہ پرجا سنگرام یاترا کے نتیجہ میں تلنگانہ کے تمام اضلاع میں پارٹی کے موقف میں بہتری آئی ہے اور بنیادی سطح پر کیڈر متحرک ہوچکا ہے۔ ملک میں تبدیل شدہ حالات کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے کمزور طبقات بالخصوص دلتوں پر توجہ مرکوز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جے پی نڈا نے گجرات کی طرز پر تلنگانہ میں کامیابی کی منصوبہ بندی کا مشورہ دیا اور وہ 7 جنوری کو آن لائن کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کی رہنمائی کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بوتھ سطح کے قائدین کے تقررات کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ ہر بوتھ سطح کیلئے پارٹی کی تشہیر کا خصوصی ایجنڈہ حوالے کیا جائے گا جس میں رائے دہندوں کو نریندر مودی حکومت کے کارناموں سے آگاہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں برسراقتدار آنے پر عوامی بھلائی کے اقدامات کے وعدے کئے جائیں گے۔ بنڈی سنجے نے پرجا سنگرام یاترا کی کامیابی کے بارے میں رپورٹ تیار کی ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر جے پی نڈا کو پیش کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران جے پی نڈا نے تلنگانہ بی جے پی قائدین کے داخلی اختلافات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل پارٹی قائدین میں اختلافات اور گروہ بندیاں ٹھیک نہیں ہیں۔ انہوں نے سینئر قائدین کو ذمہ داری دی کہ وہ مصالحت کار رول ادا کریں۔ بی جے پی کے تلنگانہ انچارج ترون چوگ سے علحدہ رپورٹ طلب کی جارہی ہے۔ر