جگدیش ریڈی معاملہ کو اخلاقیات کمیٹی سے رجوع کرنے اتم کمار ریڈی کی تجویز
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اسپیکر کے خلاف بی آر ایس رکن اسمبلی جگدیش ریڈی کے ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر پرساد کمار کے خلاف بی آر ایس رکن جگدیش ریڈی کے ریمارکس پارلیمانی جمہوریت کو شرمناک کرنے والے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی میں اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ جگدیش ریڈی نے اسپیکر کے خلاف ریمارک کرتے ہوئے پارلیمانی جمہوری نظام کے اُصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اُن کے یہ ریمارکس غرور اور تکبر کو ظاہر کرتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پرساد کمار ایک سینئر دلت لیڈر ہیں اور اُن کے خلاف ریمارکس بی آر ایس کی مخالف دلت ذہنیت کا ثبوت ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ رکن اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے اور ایوان میں اِس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اتم کمار ریڈی نے یاد دلایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس کے 2 ارکان کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کو گورنر کے خطبہ میں احتجاج کرنے پر ایوان کی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔ اتم کمار ریڈی نے اِس معاملہ کو ایوان کی اخلاقیات کمیٹی سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ 1