اسکولس میں صفائی فیس کی وصولی کا منصوبہ !

   

حیدرآباد۔ریاست میں خانگی اسکولوں میں صفائی کیلئے علیحدہ فیس وصول کرنے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ حکومت کے احکامات کے مطابق اسکولوں میں نویں اور دسویں جماعتوں کیلئے تعلیم کیلئے رہنما خطوط جاری کئے گئے ان پر عمل کیلئے لازمی ہے کہ اسکول صفائی کیلئے علحدہ فیس وصول کریں۔ ہائی اسکول تعلیم کے آغاز کے فیصلہ کے ساتھ ہی اسکول انتظامیہ اور اساتذہ نے فیصلہ کا خیر مقدم کیا تھا لیکن جب رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی گئی تو خانگی و کارپوریٹ اسکولوں کی حالت غیر ہوگئی کیونکہ رہنماخطوط اسکولوں پر نئے معاشی بوجھ کے مترادف ہیں۔ اسکولوں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ حکومت کے فیصلہ کے بعد سرکاری جونئیر کالجس انتظامیہ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو مکتوب میں فی طالب علم 500 اضافی گرانٹ جاری کرنے کی خواہش کی ہے جو کالجس کے آغاز اور رہنما خطوط پر عمل کیلئے ناگزیر ہے۔ جس طرح جونئیر کالجس کو صفائی کیلئے انتظامات یقینی بنانے اضافی گرانٹ کی ضرورت ہے اسی طرح خانگی اسکولوں کو بھی اضافی خرچ کرنا پڑے گا اور حکومت سے انہیں کوئی گرانٹ نہیں دی جاتی اسی لئے اسکول اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اسکولی فیس کے ساتھ صفائی کی علحدہ فیس وصول کی جائے لیکن اگر اسکول انتظامیہ ایسا کوئی فیصلہ کرتا ہے تو یہ جی او46 کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا ۔ خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ وہ حکومت کے رہنماخطوط پر بغیر اضافی فیس کے عمل کرنے کے موقف میں نہیں ہیں کیونکہ گذشتہ ایک سال سے دیگر تمام شعبوں کے طرح تعلیم کا شعبہ بھی بری طرح سے متاثر ہے اور حکومت کی جانب سے اس شعبہ کیلئے کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے۔