کورونا کے نئے ویریئنٹ کے بعد خوف کا ماحول
حیدرآباد۔22۔ڈسمبر(سیاست نیوز)خانگی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کی تعداد میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ طلبہ میں بخار‘ سردی ‘نزلہ اور کھانسی کی شکایات کے سبب وہ رخصت حاصل کر رہے ہیں اور بعض اسکول انتظامیہ کی جانب سے وائرل امراض کا شکار طلبہ کو چھٹی دی جا رہی ہے تاکہ دیگر طلبہ کو وبائی امراض سے بچایا جاسکے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں کے اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد میں گراوٹ پر اسکول انتظامیہ کا کہناہے کہ شہر میں اچانک سردی کی لہر میں اضافہ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے سبب اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں وبائی امراض کی وجہ سے خوف پیدا ہونے لگا ہے۔ شہر کے نواحی علاقہ گچی باؤلی میں واقع ایک سرکردہ خانگی اسکول میں ایک جماعت کے 65طلبہ میں صرف 18 اسکول میں حاضر رہے اور بیشتر تمام جماعتوں میں 10 تا 15 طلبہ غیر حاضر رہنے کے سبب اب اساتذہ میں بھی تشویش پائی جانے لگی ہے۔ گذشتہ دنوں مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں کو کورونا کے سلسلہ میں الرٹ جاری کئے جانے کے بعد تلنگانہ میں بھی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا مریضوں کی جانچ کے متعلق اقدامات کے سبب عوام کی تشویش میں اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ خانگی اسکولوں میں جہاں طلبہ کی غیر حاضری کے فیصد میں اضافہ ہورہاہے اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے اور ڈاکٹرس کی جانب سے اب تاکید کی جا رہی ہے کہ عوام بخار‘ سردی‘کھانسی اور نزلہ کو نظرانداز نہ کریں بلکہ احتیاط کا مظاہرہ کیا جائے ۔ ماہرین امراض اطفال کا کہناہے کہ بچوں میں وبائی امراض کی علامات پائی جانے لگی ہیں لیکن ان وبائی امراض پر وثوق کے ساتھ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہیں لیکن ڈاکٹرس اپنے طور پر ان امراض کا شکار بچوں کے علاج پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران سردی‘ کھانسی ‘ زکام اور نزلہ کو نظرانداز نہیں کیا جاناچاہئے لیکن اب جو صورتحال ہے اس میں یہ کہنا درست ہے کہ ہر علامت کو کورونا تصور کرکے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان علامات کے ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔ اسکولوں میں طلبہ کی حاضری میں گراوٹ پر سرکاری اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ حالیہ عرصہ میں حاضری میں کچھ گراوٹ آئی ہے لیکن اس کو موسم کی تبدیلی کا اثر سمجھا جا رہاہے ۔ خانگی و سرکاری اسکولس میں حاضری میں گراوٹ کی صورتحال پر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ طلبہ کو صفائی کے متعلق اچھی طرح سے واقف کروا رہے ہیں اور انہیں پاکی اختیار کرنے خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ تمام وبائی امراض سے محفوظ رہا جاسکے۔م