اشوک گہلوٹ کا سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے

   

جئے پور 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے آج کوٹا ‘ جھلاور ‘ بندی اور دھولپور اضلاع میں سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے بھی کوٹا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو تیقن دیا کہ انہیںراحت پہونچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔ اشوک گہلوٹ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ریلیف کے وزیر بھنور لال میگھوال اور شہری ترقیات و ہاوزنگ کے وزیر شانتی دھریوال کے ساتھ ایک ہیلی کاپٹر میں سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ سروے کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی صورتحال آسام اور بہار کی طرح سنگین نہیں ہے تاہم انہوںنے متاثرہ عوام کو فوری راحت و مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجستھان میں اب تک بارش سے متعلق واقعات میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیںاور بارش معمول سے 40 فیصد تک زیادہ ہوئی ہے ۔