نئی دہلی 27 جولائی ( ایجنسیز ) دارالحکومت دہلی اور جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ایک طاقتور زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ملک کی کچھ دوسری شمالی ریاستوں میں بھی جھٹکے محسوس کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ قومی مرکز سیسمالوجی کے مطابق اس زلزلے کا مبداء افغانستان میں تھا اور اس کی شدت زلزلہ پیما پر 6.2 ریکارڈ کی گئی ۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ شمال مشرقی افغانستان میں جرم کے مقام سے 43 کیلومیٹر جنوب میں آیا تھا ۔ افغانستان میں کابل اور مشرقی صوبوں خوست اور ننگر ہار میں بھی محسوس کیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ وادی سوات ‘ ہنگو ‘ شمالی وزیرستان ‘ چترال اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ دہلی میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی اور شہری اپنے مکانات اور دفاتر سے باہر نکل آئے تھے ۔