ممبئی : زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق ہندوستانی کھلاڑی لال چند راجپوت نے اپنی ٹیم کی افغانستان کے خلاف کامیابی کو اطمینان بخش قرار دیا ہے ۔ زمبابوے نے ابوظہبی میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں افغانستان کو 10کٹوں سے شکست دی ہے ۔ سین ولیمس کی قیادت میں زمبابوے کی ٹیم نے یہاں شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلی جارہی دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 10وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1-0کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ اس کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے راجپوت نے کہا کہ یہ ایک شاندار کامیابی تھی اور ہمارے بولروں اور خاص کر فاسٹ بولروں نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اندرون دو دن کامیابی حاصل کرلی ہے جو کہ اطمینان بخش نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے نے ایک طویل عرصہ سے ٹسٹ نہیں کھیلا ہے جس کے باوجود افغانستان جیسے ٹیم کو شکست دینا شاندار کامیابی ہے ۔ یاد رہے کہ پہلے ٹسٹ میں افغانستان پہلی اننگز میں 131رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد کپتان ولیمس نے 105 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے مجموعی اسکور 250 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ بعد ازاں دوسری اننگز میں زمبابوے کی ٹیم نے افغانستان کو 135رنز پر ڈھیر کردیا جس کی وجہ سے اسے کامیابی کیلئے 17رنز کا نشانہ ملا جسے اس نے 10وکٹوں سے حاصل کرلیا ۔