وزیر فینانس ہریش راؤ سے نمائندگی، 20 ہزار نوجوانوں کو قرض فراہم کرنے کی سفارش
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، (سیاست نیوز) ریاست میں اقلیتی طبقہ کے بیروزگار نوجوانوں کو خود مکتفی بنانے کیلئے سبسیڈی لون اسکیم کے بجٹ کو کم از کم 200 کروڑ کرنے کیلئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے نمائندگی کی ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 50 کروڑ روپئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کو جاری کئے تھے جس کے ذریعہ ریاست بھر میں5000 نوجوانوں کو سبسیڈی قرض فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ابتدائی منصوبہ کے تحت ایک لاکھ روپئے تک کا قرض 3500 افراد اور 1500 امیدواروں کو 2 لاکھ تک قرض کی فراہمی کا منصوبہ تھا۔ مختلف گوشوں سے بجٹ کی کمی کے بارے میں وزیر داخلہ محمد محمود علی سے نمائندگی کی گئی جس پر انہوں نے اس معاملہ کو وزیر فینانس ہریش راؤ سے رجوع کیا۔ ہریش راؤ نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور اداروں کے سربراہوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سبسیڈی قرض اسکیم کیلئے مزید 70 کروڑ کی اجرائی سے اتفاق کیا۔ اس طرح ریاست بھر میں 120 کروڑ روپئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ جاری کئے جائیں گے۔ کارپوریشن نے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ لہذا دوسرے مرحلہ کی رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ہریش راؤ کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 6 برس بعد کارپوریشن سے سبسیڈی لون اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے لہذا حکومت کو کم از کم 200 کروڑ روپئے جاری کرنے چاہیئے۔ وزیر داخلہ نے ہریش راؤ سے اپیل کی کہ نہ صرف دوسرے مرحلہ کے 70 کروڑ روپئے کی اجرائی کے سلسلہ میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دیں بلکہ مزید 80 کروڑ روپئے جوڑتے ہوئے سبسیڈی لون کی مجموعی رقم کو 200 کروڑ روپئے کیا جائے۔ محمود علی نے کہا کہ کے سی آر حکومت سے اقلیتوں کو توقعات وابستہ ہیں کہ حکومت معاشی ترقی کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد اقلیتوں نے ہر ضمنی چناؤ میں بی آر ایس کی تائید کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ اگر محکمہ فینانس 200 کروڑ تک فنڈز جاری کرتا ہے تو تقریباً 20 ہزار نوجوانوں کو ایک لاکھ اور دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات جاری کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ہے اور کہا کہ کے سی آر حکومت اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں سنجیدہ ہے۔ ہریش راؤ نے اضافی بجٹ کی اجرائی پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کم از کم جاریہ مالیاتی سال 200 کروڑ روپئے بطور سبسیڈی لون جاری کئے جائیں تو اقلیتوں میں حکومت پر اعتماد مستحکم ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال اور آئندہ مالیاتی سال حکومت بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو 200 کروڑ سبسیڈی لون کے طور پر جاری کرے گی۔ر