الور ۔ راجستھان میں جاری راجیو گاندھی دیہی اولمپک کھیلوں کے دوران ضلع الور کے رام گڑھ سب ڈویژن کے باگڑ راجپوت گاؤں میں منعقدہ بلاک سطح کے کبڈی میچ کے دوران آپس میں جھگڑا ہوگیا، جس میں تقریباً ایک درجن کھلاڑی زخمی ہو گئے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق زخمی کھلاڑیوں کو رام گڑھ کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس اطلاع کے بعد تحصیلدار موقع پر پہنچے اور واقعہ کے بارے میں اطلاعات حاصل کیں۔ بگڑ ترایا میں ننگلی بنجریکا اور خالصہ نگر کی ٹیموں کے درمیان کبڈی کا میچ چل رہا تھا۔ ننگلی بنجریکا ٹیم کے کھلاڑیوں کو ریفری کے ذریعہ آؤٹ نہ دینے پر خالصہ نگر کی ٹیم نے احتجاج کیا تو جھگڑا شروع ہوگیا اور لڑائی اس قدر بڑھ گئی کہ اس دوران تقریباً ایک درجن کھلاڑیوں کو چوٹیں لگنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی زخمی کھلاڑیوں کے حامی بھی اسپتال پہنچ گئے ، جہاں اس وقت پولس کی نفری تعینات ہے ۔ رام گڑھ تحصیلدار دھیریندر کردم نے بتایا کہ ننگلی بنجریکا اور خالصہ نگر ٹیم کے درمیان لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ موقع پر پہنچ کر خالصہ نگر ٹیم کے زخمی کھلاڑیوں کو الور رام گڑھ کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب سے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ انہوں نے ادیوگ نگر تھانہ کو بھی ہدایت دی ہے کہ رپورٹ ملنے کے بعد ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔