روزانہ 800 ملین اخبارات کی اشاعت، دنیا بھر میں ہندوستان اور چین پہلے اور دوسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے پھیلاؤ کے باوجود دنیا بھر میں پرنٹ میڈیا کی اہمیت برقرار ہے۔ دنیا بھر میں اخبارات کی اشاعت اور قارئین کے اعتبار سے ہندوستان کو سبقت حاصل ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں الیکٹرانک میڈیا ، سوشیل میڈیا اور ڈیجٹل میڈیا نے پرنٹ میڈیا کیلئے چیلنج پیدا کردیا ، تاہم عوام کو آج بھی قابل اعتبار خبروں کے سلسلہ میں اخبارات پر بھروسہ ہے ۔ پرنٹ میڈیا اور قارئین کے اعتبار سے دنیا کے پانچ ممالک کا انتخاب کیا گیا جہاں اخبارات کی اشاعت قابل لحاظ ہے۔ ہندوستان میں روزانہ 800 ملین اخبارات کی کاپیاں پرنٹ تقسیم ہوتی ہے ، اس اعتبار سے پرنٹ میڈیا کی ریڈرشپ کے معاملہ میں ہندوستان سرفہرست ہے۔ چین 720 ملین اخبارات کی پرنٹ کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے مقام پر ہے۔ جاپان میں روزانہ اخبارات کی 340ملین کاپیاں پرنٹ اور تقسیم کی جاتی ہے اور وہ دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ پرنٹ میڈیا کی اہمیت کے اعتبار سے امریکہ اور جرمنی کو علی الترتیب چوتھا اور پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعہ خبروں کو وقفہ وقفہ سے وائرل کئے جانے کے باوجود کئی ممالک میں عوام کا ابھی بھی بھروسہ اخبارات پر ہے۔ ہندوستان میں الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باوجود مختلف زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات نے اپنی اہمیت اور افادیت کو برقرار رکھا ہے۔ سروے کے مطابق کئی ریاستوں میں علاقائی زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات نے انگریزی اخبارات پر اشاعت کے معاملہ میں سبقت کو برقرار رکھا ہے۔ سروے کے مطابق الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے بارے میں عوام کا تاثر یہ ہے کہ وہ خبروں کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرتے ہوئے اپنی ٹی آر پی میں اضافہ پر توجہ دیتے ہیں جبکہ اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں تحقیق پر مبنی اور حقائق سے قریب ہوتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور میں پرنٹ نیوز پیپر مارکٹ نے اپنی منفرد شناخت کو برقرار رکھا ہے۔1/k/m/b