امریکہ میں کار ریس کے دوران خوفناک حادثہ

   

درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں‘ کوئی جانی نقصان نہیں
واشنگٹن ۔27؍اپریل ( ایجنسیز )امریکی ریاست الباما کے شہر ٹالاڈیگا میں کار ریس کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔تفصیلات کے مطابق ڈرائیور بوبا والیس کی ایک حرکت ٹالاڈیگا ریس کے دوران بڑے حادثے کا سبب بن گئی جس میں 26 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔یہ واقعہ ریس کے ایک اہم مرحلے پر پیش آیا جب تیز رفتاری اور قریبی مقابلے کے باعث ڈرائیورز کو اپنی گاڑیوں پر قابو رکھنا مشکل ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق والیس کی گاڑی کے اچانک رخ بدلنے سے پیچھے آنے والی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ منظر ایک بڑے حادثے میں تبدیل ہو گیا۔حادثے کے بعد ٹریک پر ہر طرف تباہ شدہ گاڑیاں دیکھنے کو ملیں جس کے باعث ریس کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا۔ریس حکام نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ڈرائیورز کی حفاظت کو یقینی بنایا۔خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کئی گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں جس سے ریس کے نتائج پر بھی اثر پڑا۔اس موقع پر شائیقین میں بھی کچھ دیر کیلئے خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا ۔