واشنگٹن: صدر محمد بن زاید سے ملاقات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز متحدہ عرب امارات کو امریکہ کا ایک بڑا دفاعی شراکت دار تسلیم کیا۔ اس ملاقات میں غزہ جنگ اور شرقِ اوسط میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام پر بات چیت شامل تھی۔ امریکی عہدہ مشترکہ تربیت، مشقوں اور تعاون کی دیگر کوششوں کے ذریعے قریبی فوجی تعاون کی اجازت دیتا ہے۔بائیڈن اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے غزہ کو فوری، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا اور اپنی ملاقات کے بعد ایک بیان میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے آغاز میں بائیڈن نے کہا کہ انہیں اسرائیل اور لبنان کے درمیان تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا گیا جہاں لبنانی حکام کے مطابق پیر کو اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 492 افراد ہلاک ہوئے۔انہوں نے کہاکہ میری ٹیم اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہم کشیدگی کم کرنے کیلئے اس طرح سے کام کر رہے ہیں کہ لوگ محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔