واشنگٹن ؍ برلن ۔ پینٹاگان کے مطابق امریکی افواج جرمنی میں فوجی ساز و سامان کی فراہمی کے ساتھ یوکرینی فوج کو اب تربیت بھی فراہم کر رہی ہیں۔ محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ تربیت کی ذمہ داری فلوریڈا نیشنل گارڈ کو سونپی گئی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے جمعہ 29 اپریل کو کہا کہ وہ جرمنی میں یوکرین کے فوجیوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے اور جدید ہتھیاروں کے نظام کو سیکھنے میں وہ ان کی مدد کر رہا ہے۔ تربیتی پروگرام کے بارے میں ہمیں کیا معلوم ہے؟ امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، آج میں یہ اعلان کر سکتا ہوں کہ امریکہ نے جرمنی کے اپنے فوجی اڈوں پر یوکرین کی مسلح افواج کو اہم سسٹمز کی تربیت دینے کا آغاز کر دیا ہے۔ کربی کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگرام جرمن حکومت کے ساتھ ہم آہنگی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم جرمنی کی طرف سے مسلسل حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔‘‘ اب تک تقریباً 50 یوکرینی اہلکاروں کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار ہوٹزر کی تربیت دی جا چکی ہے۔ یوکرینی فوجیوں کو ریڈار سسٹم اور بکتر بند گاڑیوں کے استعمال کا بھی طریقہ کار سیکھایا جائے گا۔ فلوریڈا نیشنل گارڈ کی یوکرینی فورسز کو دوسری بار تربیت جان کربی نے بتایا کہ اس تربیت کا بیشتر کام اور ذمہ داری فلوریڈا نیشنل گارڈ کو سونپا گیا ہے۔ اسی امریکی یونٹ نے روسی حملے سے پہلے رواں برس فروری میں یوکرین کی افواج کو تربیت فراہم کی تھی۔