: ہائے اس زودپشیماں کا پشیماں ہونا:
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی جانب سے جنگ رکوانے کی خواہش کا اظہار، واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ
واشنگٹن ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت سے امریکہ ایران جنگ بندی کے لیے چین سے مدد کی درخواست کر دی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک باخبر امریکی عہدیدار کے حوالے سے یہ رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نے چین سے درخواست کی ہے کہ ایران پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے جنگ کے خاتمہ میں مدد کرے جبکہ بیجنگ نے یہ پیغام تہران تک پہنچا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کی سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کوششوں میں گزشتہ ماہ ایران کے سیکوریٹی چیف محسن رضائی کو ایک مفاہمتی خط بھی بھیجا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس اور تہران کے درمیان رابطے کے لیے قطری ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطری عہدیدار علی الثوادی نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت یہ دیکھنے کی منتظر ہے کہ آیا امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے واشنگٹن کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئے گی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت نے جے ڈی وینس کے خط کو احترام کے اظہار کے طور پر دیکھا اور اس بات کو سراہا کہ انہوں نے جنگ کو ایک غلطی قرار دیا۔ علی الثوادی کے مطابق ایرانی قیادت اس بات کا یقین کرنا چاہتی ہے کہ امریکہ ایک قابلِ اعتماد فریق ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ستمبر میں واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ایران کے معاملہ پر مدد طلب کی تھی۔ ایک باخبر امریکی عہدیدار کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے نجی گفتگو میں امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ کو بتایا تھا کہ ہم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ایران کے پاس کبھی نیوکلیر ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ معاملہ 18 نومبر کو چین کے شہر شین ڑین میں ٹرمپ اور شی جن پنگ کی متوقع ملاقات کے دوران ایک بار پھر زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔