واشنگٹن : امریکہ میں ووٹرس منگل 8 نومبر کو کلیدی وسط مدتی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال شروع کرچکے ہیں۔ یہ انتخابات طے کریں گے کہ آئندہ کانگریس کی ہیئت کیا ہوگی اور اِس کے نتیجہ میں صدر جوبائیڈن کی وائٹ ہاؤس میں بقیہ میعاد کس نوعیت رہے گی۔ منگل کو پولنگ کا آغاز ہوا اور ووٹ ڈالتے وقت امریکیوں کو یقینا یہ معلوم ہوگا کہ افراط زر کی شرح آسمان کو چھو رہی ہے جس نے معمول کی زندگی مشکل بنائی ہے۔ اِس طرح معیشت سب سے بڑی تشویش کا معاملہ بن کر اُبھر آئی ہے جس کی بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں پارٹیوں کے حامیوں کی ترجیح ہوں گے۔ اگر اِن انتخابات کے نتیجہ میں بائیڈن کی ڈیموکریٹک پارٹی کمزور ہوتی ہے تو بلاشبہ اُن کے پیشرو ڈونالڈ ٹرمپ اور ریپبلکنس کے حوصلے بلند ہوں گے۔