برگن،19 جون (یو این آئی) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنا طے شدہ دورہ سوئٹزر لینڈ منسوخ کر دیا ہے ، جس کے باعث سوئس شہر برگن اسٹاک میں آج ہونے والے امریکہ اور ایران کے ابتدائی مذاکرات مؤخر ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکہ کے مابین یہ اہم مذاکرات حال ہی میں طے پانے والی ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونا تھے ، تاہم مذاکرات ابھی تیاری کے مرحلے میں ہیں اور لاجسٹک و انتظامی تفصیلات مکمل طور پر طے نہ ہونے کی وجہ سے امریکی نائب صدر کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق فی الحال نائب صدر آج رات روانہ نہیں ہو رہے ۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکہ تکنیکی مذاکرات جَلد شروع ہونے کا منتظر ہے ۔ دوسری جانب سوئس وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ آج برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات نہیں ہوں گے ۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات جمعہ کو طے شدہ منصوبے کے مطابق منعقد نہیں ہو سکیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لیے نئی تاریخوں کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایران معاہدے پر مذاکرات کے لیے امریکی نائب صدر کی سوئٹزر لینڈ روانگی آج متوقع تھی۔