حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) چھتیس گڑھ کے سابق چیف منسٹر اجیت جوگی کے فرزند جنتا کانگریس پارٹی کے صدر و سابق رکن اسمبلی امیت جوگی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ پرگتی بھون میں کے سی آر نے امیت جوگی اور بی آر ایس قائدین کے ساتھ ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ دونوں قائدین نے تلنگانہ کی ترقی، ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بی آر ایس کی قومی سطح پر سرگرمیوں اور پارٹی کی پالیسی کے بارے میں کے سی آر سے تفصیلات حاصل کیں۔ امیت جوگی نے کہا کہ ملک میں قومی سطح پر متبادل کی ضرورت ہے اور بی آر ایس کو قومی سطح پر توسیع دینے کا فیصلہ باعث خیرمقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عرصہ میں تلنگانہ اپنی اسکیمات کے ذریعہ ملک کی مثالی ریاست بن چکا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے والد سابق چیف منسٹر اجیت جوگی کی بائیوگرافی پر مشتمل کتاب کے سی آر کے حوالے کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق امیت جوگی نے چھتیس گڑھ میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ر