جگدلپور، 17 مئی(یو این آئی) مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ 18 اور 19 مئی کو چھتیس گڑھ کے بستر (جگدلپور) کے دورے پر رہیں گے ۔ اس دوران 19 مئی کو ان کی صدارت میں وسطی علاقائی کونسل کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوگی، جس میں چار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے ۔ 18 مئی کو امت شاہ جگدلپور پہنچیں گے اور وہاں سے ہندستانی فضائیہ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نیتانار جائیں گے ۔ نیتانار میں وہ سی آر پی ایف کیمپ میں قائم عوامی سہولت مرکز کا افتتاح کریں گے اور مقامی لوگوں سے ملاقات بھی کریں گے ۔ 19 مئی کو بستر کے ایک نجی ہوٹل میں وسطی علاقائی کونسل کی 26ویں میٹنگ ہوگی۔ اس اہم اجلاس میں چھتیس گڑھ کے وزیرِاعلیٰ وشنو دیو سائی، مدھیہ پردیش کے وزیرِاعلیٰ موہن یادو، اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور اتراکھنڈ کے وزیرِاعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی شرکت کریں گے ۔ میٹنگ میں ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی، نکسل ازم کی موجودہ صورتحال، داخلی سلامتی، انتظامی ترقی اور علاقائی تعاون جیسے اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا۔ نکسل ازم کے تقریباً خاتمے کے بعد پہلی بار بستر میں اس سطح کی بڑی میٹنگ ہو رہی ہے ۔