امیزان کمپنی کا حیدرآباد 16,204 کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان

   

ایچ آئی سی سی میں منعقدہ ایمپاور انڈیا پروگرام میں فیصلہ، کے ٹی آر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ شرکت کی
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ڈاٹا سنٹرس کے قیام کے معاملے میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کے درمیان مسابقت شروع ہوگئی ہے۔ مائیکرو سافٹ نے جس دن حیدرآباد میں 16 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے ڈاٹاسنٹرس قائم کرنے کا اعلان کیا اس کے دوسرے دن امیزان ویب سرویسیس (اے ڈبلیو ایس) نے بھی 16,204 کروڑ کی لاگت سے ڈاٹاسنٹرس قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ امیزان ویب سرویسیس نے بتایا کہ 2030ء تک 36,300 کروڑ روپئے کی لاگت سے 3 ڈاٹاسنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ حیدرآباد کے انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں اے ڈبلیو ایس ایمپاور انڈیا پروگرام میں اس کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہیکہ اس معروف کمپنی نے 2020ء میں ہی 20,096 کروڑ کی لاگت سے چندٹ ویلی، فیاب سٹی اور فارما سٹی میں 3 ڈاٹاسنٹرس قائم کیا ہے۔ ان تینوں ڈاٹاسنٹرس میں پہلے مرحلہ کا کام مکمل ہوا اور صارفین کو پوری طرح کلوڈ خدمات دستیاب ہیں۔ اسی توسیعی منصوبوں اور کاروباری حکمت عملی کے طور پر مزید سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے امیزان کے اس اعلان اور بھاری سرمایہ کاری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ کے ٹی آر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایچ آئی سی سی میں منعقدہ ایمپاور انڈیا پروگرام میں شرکت کی اور کہا کہ یہ تلنگانہ میں کی گئی سرمایہ کاری میں سب سے بڑی ایف ڈی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ ریاست میں بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور پائیدار ترقی ہورہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امیزان کی سرمایہ کاری سے تلنگانہ ڈاٹاسنٹرس کا ایک بڑا مرکز بن جائیگا۔ اس سے واضح ہوگیا کہ امیزان اور تلنگانہ کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے کمپنی کے توسیعی منصوبوں کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ن