خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ، سیاسی پارٹیوں کو ایڈوائزری کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ انتخابی مہم میں بچوں کو شامل نہ کریں۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کو ایڈوائزری روانہ کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم اور خاص طور پر نعرہ بازی ، پوسٹرس اور پمفلیٹس کی تقسیم کے لئے بچوں کا ہرگز استعمال نہ کریں۔ کمیشن نے کہاکہ سیاسی پارٹیاں اور امیدوار اگر مہم کے دوران بچوں کو استعمال کریں تو اسے کمیشن برداشت نہیں کرے گا۔ الیکشن پر نگرانی رکھنے والے ادارہ کا کہنا ہے کہ عام طورپر انتخابی مہم میں کمسن بچوں کو شامل کرتے ہوئے ریالیوں میں انہیں پارٹی پرچم اور پوسٹرس تھمادیئے جاتے ہیں۔ انتخابی ریالیوں کے دوران گاڑیوں میں کمسن بچوں کو بٹھایا جاتا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران گیت، نغموں اور دیگر سرگرمیوں کیلئے بھی بچوں کا استعمال نہ کیا جائے ۔ کمیشن نے کہا کہ انتخابی ریالیوں میں والدین اور سرپرستوں کے ساتھ بچوں کی موجودگی کو خلاف ورزی تصور نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی امیدوار یا سیاسی پارٹی کے دباؤ کے بغیر اگر والدین اپنے بچوں کے ساتھ سیاسی جلسوں میں شرکت کرتے ہیں تو یہ سیاسی پارٹیوں کی خلاف ورزی تصور نہیں ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کیلئے سیاسی پارٹیوں کو بار بار متنبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں کئی پارٹیوں اور امیدواروں کے خلاف کارروائی کی۔ 1