انتخابی کمیشن کی سازش کا ہر روز بڑا انکشاف : کانگریس

   

نئی دہلی۔ 7 نومبر (یواین آئی) کانگریس نے انتخابی کمیشن پر ‘ووٹ چوری’ کے ذریعے جمہوری عمل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے مشتبہ کردار سے متعلق ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور اس کے کام کاج میں محض نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی اور سازش کے سنگین معاملات سامنے آ رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ وہ ‘ووٹ چوری’ کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے مبینہ طور پر حد بندی بل کو آگے بڑھانے کے لیے اختیار کیے جا رہے ہتھکنڈوں کو بھی بے نقاب کر رہی ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک روزنامہ اخبار میں شائع اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے سامنے موجود ان اہم سیاسی معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی ہے ۔ محکمہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ انتخابی کمیشن کا ہر روز بری طرح پردہ فاش ہو رہا ہے ۔ یہ محض نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی اور سازش کا زہریلا امتزاج ہے ۔