اندرا اماں ہاوزنگ اسکیم کے غیر منتخب درخواست گذاروں کو فیس کی رقم واپس

   

40 ہزار درخواست گذار نا اہل ، غلط فون نمبر کی آن لائن درستگی کی سہولت ، خیریت آبادکی فہرست جاری
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ہاوزنگ بورڈ کی جانب سے اندرا اماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت منتخب نہ ہونے والے درخواست گذاروں کی جمع کروائی گئی 10 ہزار روپئے کی واپس کرنے کا عمل 11 ستمبر سے شروع ہوچکا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی طویل انتظار کے بعد ہاوزنگ بورڈ نے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے منتخب مستفیدین کی فہرست بھی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہے ۔ ریونیو ، ٹرانسپورٹ ، جی ایچ ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے رپورٹس کی روشنی میں ہاوزنگ بورڈ نے 360 ڈگری انسپکشن کے ذریعہ سخت چھان بین کی ہے ۔ 16 اسمبلی حلقوں سے جملہ 60,720 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔ چھان بین اور فیلڈ رپورٹس کی بنیاد پر بورڈ نے پہلے مرحلے میں ہی تقریبا 40 ہزار افراد کو نا اہل قرار دے کر فلٹر کردیا ہے ۔ ہاوزنگ بورڈ تمام نا اہل قرار پانے والے 40 ہزار درخواست گذاروں کو ان کی جمع کردہ 10 ہزار روپئے کی رقم ان کے اکاونٹس میں واپس منتقل کررہا ہے ۔ واضح رہے کہ 31 اگست کو 16 اسمبلی حلقوں میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا تھا اور خیریت آباد کو چھوڑ کر دیگر 15 اسمبلی حلقوں کی فہرست اسی وقت جاری کردی گئی تھی ۔ قرعہ اندازی کے وقت اسمبلی حلقہ خیریت آباد کی نمائندگی کرنے والے مقامی رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے موقع پر پہونچکر ہاوزنگ بورڈ کے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور مقامی شہریوں نے الزام لگایا تھا کہ خیریت آباد کے مکانات دیگر حلقوں کے لوگوں کو الاٹ کئیے جارہے ہیں ۔ عہدیداروں نے ان اندیشوں پر دوبارہ کارروائی کی کہ آیا اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز یا دیگر علاقوں کے افراد نے بھی اسمبلی حلقہ خیریت آباد میں مکانات کے لیے درخواستیں دی ہے ۔ ان تمام خدشات اور علاقوں کی مکمل تصدیق کے بعد فہرست آن لائن جاری کی گئی ہے ۔ فیلڈ لیول کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ منتخب افراد میں بہت سے لوگوں کے فون نمبر غلط درج تھے ۔ اس مسئلہ کے حل کے لیے بورڈ کے آفیشل پورٹل پر آدھار یا اپلیکیشن نمبر کے ذریعے موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کی آن لائن سہولت فراہم کردی ہے ۔ مکانات کے لیے منتخب شدہ افراد کے فیلڈ سروے کے تحت اب تک 5500 خاندانوں کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے میں مزید 2 دن لگیں گے ۔ جس کے بعد حتمی منظوری کے ساتھ ہی پورٹل پر فہرست دستیاب ہوگی ۔۔ 2/m/b