7680 کے منجملہ 5501 افراد کو ملے الاٹمنٹ لیٹرس ، محکمہ ہاوزنگ کے وائس چیرمین کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے غریبوں کو ہاوزنگ اسکیم کے تحت گھر فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی اندراماں ٹاورس پراجکٹ کے تحت منتخب ہونے والے 2 ہزار سے زائد غریب و مستحق استفادہ کنندگان اس وقت شدید پریشانی اور حیرت کا شکار ہیں ۔ قرعہ اندازی میں نام آنے اور جشن منانے کے بعد شہریوں کو اب موبائل فونس پر ٹیکسٹ مسیجز موصول ہورہے ہیں ۔ جن میں کہا گیا ہے کہ ان کی درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں ۔ اس ناگہانی صورتحال سے دل برداشتہ ہو کر درجنوں استفادہ کنندگان نامپلی میں واقع ہاوزنگ بورڈ کے دفتر پہونچکر اپنا احتجاج درج کروایا ہے ۔ ریاستی حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع 16 اسمبلی حلقوں کے غریب عوام کو اندراماں ٹاورس تعمیر کرتے ہوئے فلیٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے جملہ 7680 افراد کو منتخب کیا گیا ۔ منتخب افراد کو مرحلہ وار اساس پر جملہ 6 لاکھ روپئے ادا کرنے تھے جس کی پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ روپئے جمع کروانے کی آخری تاریخ 9 اکٹوبر مقرر کی گئی تھی ۔ ہاوزنگ بورڈ کے عملے نے جب منتخب افراد کے بتائے گئے پتوں پر جاکر معائنہ کیا تو بڑی تعداد میں درخواستوں کو منسوخ کردیا گیا جملہ 7680 منتخب افراد میں سے صرف 5501 افراد کو Provisional Allotment Papers جاری کئے گئے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں منسوخ کردی گئی ۔ ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ وہ راجندر نگر کے بنڈلہ گوڑہ جاگیر میں کرائے پر رہتا تھا ۔ مالکان کی وجہ سے حال ہی میں وہ مکان خالی کر کے قریب ہی دوسرا مکان کرائے پر لینا پڑا ۔ اب حکام کا کہنا ہے کہ پرانے پتے آپ کے نہ ملنے کی وجہ سے آپ کی درخواست مسترد کی جارہی ہے ۔ ہاوزنگ بورڈ کے وائس چیرمین گوتم نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اندراماں ٹاورس کے فائدے کے لیے ہر اسمبلی حلقہ کو ایک یونٹ تسلیم کیا تھا ۔ بہت سارے لوگوں نے ایک حلقے اسمبلی میں رہتے ہوئے دوسرے اسمبلی حلقے کے لیے درخواست دی تھی جس کے باعث فیلڈ ویریفیکیشن میں تضاد پایا گیا اور درخواستیں منسوخ ہوئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ شہریوں کی سہولت کے لیے ہاوزنگ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر حلقہ کی تبدیلی کا ایک خصوصی آپشن شامل کردیا گیا ہے جو افراد اپنی معلومات اور اسمبلی حلقہ درست کر کے دوبارہ درخواست داخل کریں گے انہیں اگلے مرحلے میں ہونے والی قرعہ اندازی میں دوبارہ شامل کیا جائے گا ۔۔ 2/m/b