سری نگر : نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو تقسیم کرنا روز اول سے ہی نئی دلی کا شیوا رہاہے اور موجودہ دور میں ان مذموم کوششوں میں اور بھی تیزی آگئی ہے اور ایسی صورتحال میں یہاں کے تمام پشتینی باشندوں کوبلا لحاظ و مذہب و ملت ، رنگ و نسل اور زبان کے ایک جُٹ ہوکر ایسی مکروہ سازشوںکو ناکام بنانا ہوگا۔ ان باتوں کااظہارموصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی شناخت،وحدت اور آپسی ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنا ہمارے لئے موت و حیات کا سوال ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب متحد اور منظم ہوجائیں اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں ثابت قدم اور پُرعزم ہوکر ڈٹے رہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ٹولیوں میں بٹ کر ہم کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے ہیں، اتحاد و اتفاق ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی منزل مقصودتک پہنچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔