سری نگر : فوج کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ کے گھنے جنگل علاقے میں 7 دنوں تک جاری رہنے والا ملی ٹنسی مخالف آپریشن بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔اس آپریشن کے دوران ایک فوجی کرنل، ایک میجر، ایک ڈی ایس پی اور لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر سمیت کم سے کم 6 افراد جاں بحق ہوگئے ۔آپریشن کے کے پہلے روز یعنی 13 ستمبر کو ہی جنگجوئوں کی اندھا ھند فائرنگ کے نتیجے میں فوجی کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش دھونک اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ جاں بحق ہوئے تھے ۔سری نگر نشین فوج کی چنار کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم نے اننت ناگ کے گڈول علاقے میں 13 ستمبر سے 19 ستمبر تک مشترکہ آپریشن چلایا’۔