فرسٹ ایئر میں 68.84 اور سکنڈ ایئر 49.29 فیصد امیدوار کامیاب
لڑکیوں کی سبقت برقرار، عادل آباد ضلع کو پہلا مقام، دو برسوں سے نتائج میں بہتری
حیدرآباد ۔11 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے فرسٹ اور سکنڈر ایئر کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔ سکریٹری شریمتی ابھیلاشا ابھینو آئی اے ایس نے آج نتائج کو آن لائین جاری کردیا جس کے تحت فرسٹ ایئر میں 68.84 اور سکنڈ ایئر میں 49.29 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ دونوں امتحانات میں لڑکیوں کا مظاہرہ لڑکوں سے بہتر رہا۔ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات 13 تا 21 مئی ریاست کے 889 امتحانی مراکز پر منعقد کئے گئے تھے جن میں جملہ 398459 امیدواروں نے حصہ لیا۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں 267331 امیدواروں نے شرکت کی اور جملہ 184042 امیدوار کامیاب رہے جن میں جنرل 172056 اور ووکیشنل 11986 امیدوار شامل ہیں۔ فرسٹ ایئر میں 123974 لڑکیوں نے امتحان میں شرکت کی اور 94343 کامیاب ہوئے جو 76.10 فیصد ہوتا ہے۔ فرسٹ ایئر میں 143356 لڑکوں نے حصہ لیا جن میں 89698 کامیاب ہوئے جو 62.57 فیصد ہوتے ہیں۔سکنڈ ایئر سپلیمنٹری امتحانات میں 131128 امیدوارں نے حصہ لیاجن میں 64639 کامیاب رہے ۔ کامیابی کا مجموعی فیصد 49.29 درج کیا گیا ۔ سکنڈ ایئر میں 47395 لڑ کیوں نے حصہ لیا اور 24910 کامیاب رہیں جو 52.56 فیصد ہیں۔ لڑکوں میں 83733 کی تعداد میں امتحان میں شرکت کی اور 39729 کامیاب ہوئے۔ جو 47.45 فیصد ہوتے ہیں۔مختلف گروپس کے اعتبار سے بی پی سی کا نتیجہ فرسٹ اور سکنڈ ایئر میں علی الترتیب 75.16 اور 56.04 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔2024 اور 2025 کے مقابلہ جاریہ سال فرسٹ ایئر اور سکنڈر ایئر کا نتیجہ بہتر رہا ہے۔ ایسے امیدوار جو پرچہ جات کی دوبارہ جانچ اور جوابی پرچہ کی اسکیان کاپی حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ویب سائیٹ پر 12 تا 18 جون درخواست دے سکتے ہیں۔ ضلع واری سطح پر سکنڈ ایئر میں عادل آباد 79.33 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ بھونگیر 66.62 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔ فرسٹ ایئر میں بھی عادل آباد 80.38 فیصد کامیابی کے ساتھ سرفہرست رہا۔ 1/k/m/b