انٹونیو گوٹیرس کاوزیراعظم مودی کے ساتھ آج گجرات کا دورہ

   

نئی دہلی: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس منگل کی دیر رات تین روزہ سرکاری دورہ پر ہندوستان پہنچے۔ ان کا استقبال سفیر روچیرا کمبوج نے کیا۔ وہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جئے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان دورہ کے پہلے دن انٹونیو گوٹیرس نے ممبئی دہشت گرد حملے کے متاثرین کو خراج پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی آئی ٹی ممبئی میں طلبہ سے خطاب کیا۔ انٹونیو گوٹیرس 20 اکتوبر کو گجرات کا دورہ کریں گے۔ وہ گجرات کے کیواڑیا میں ایکتا نگر میں مشن لائف کتاب، لوگو اور اْس کی ٹیگ لائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں پی ایم مودی بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔
وزارت خارجہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کے علاوہ وہ اسٹیچو آف یونیٹی پہنچ کر سردار پٹیل کو خراج بھی پیش کرسکتے ہیںَ یہاں وہ موڈھیرا کا بھی دورہ کرسکتے ہیں۔یو این کے جنرل سکریٹری انٹونیو گوٹیرس نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس ریمارک کی حمایت کی ہے کہ یہ ’جنگ کا دور‘ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت یوکرین جنگ کے حل کے لئے حالات بنانے کی سمت میں کوششوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ اپنے ہندوستان دورے سے پہلے گوٹیرس نے کہا کہ وہ یوکرین میں جنگ میں تیزی آشنے سے بے حد پرتشویش ہیں۔