انڈیا اتحاد کا 8 جون کو دہلی میں اجلاس

   

نئی دہلی 2 جون ( ایجنسیز ) انڈیا بلاک کے قائدین کا ایک اجلاس 8 جون کو دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوگا ۔ ترنمول کانگریس کی صدر ممتابنرجی بھی اس اجلاس میں شرکت کرسکتی ہیں حالانکہ وہ اکثر و بیشتر انڈیا اتحاد کے اجلاس سے دوری اختیار کر رہی تھیں۔ سماجوادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو بھی اجلاس میں شریک ہونگے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ انڈیا بلاک کے دوسرے قائدین بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں یہ بھی دیکھنا اہمیت کا حامل رہے گا کہ انڈیا اتحاد میںشامل ڈی ایم کے اس اجلاس میں شرکت کرتی ہے یا نہیں کیونکہ پارٹی کانگریس کی جانب سے ٹی وی کے کے ساتھ اتحاد اور ٹاملناڈو حکومت میں شمولیت کے فیصلے پر ناراض ہے ۔ لوک سبھا میں ڈی ایم کے کی لیڈر کے کنی موڑھی نے اسپیکر لوک سبھا مسٹر اوم برلا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش کی تھی کہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ایوان میں کانگریس سے دور نشستیں الاٹ کی جائیں ۔ امکان ہے کہ اس اجلاس میں بی جے پی حکومت سے مقابلہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی تیاری پر غور کیا جائے گا ۔ امکان ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج اور بدلتے سیاسی منظر نامہ پر بھی اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا ۔ بعض گوشوں نے اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی اس اجلاس سے دور رہ سکتی ہیں۔