تحریک میں شدت پیدا کرنے کیلئے تجاویز ، جمہوریت کے تحفظ کیلئے سڑک سے پارلیمنٹ تک جدوجہد ، چیف منسٹر کی میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد۔8 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں انڈیا اتحادی جماعتوں کے قائدین کیلئے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی جانب سے لنچ میں شرکت کی اور ووٹ چوری کے خلاف احتجاج میں شدت کیلئے اپنی تجاویز پیش کی۔ اتحادی پارٹیوں کے قائدین کے لنچ میں ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور کے سی وینو گوپال نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے گیانیش کمار کے استعفیٰ کے لئے دباؤ میں اضافہ کرنے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ملک کی تمام ریاستوں میں عوام کو احتجاج میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ ریونت ریڈی جو کل سے نئی دہلی میں مقیم ہیں، کانگریس کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت پر عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو دو طبقات میں تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے ۔ ایک طبقہ وہ جسے ووٹ کا حق حاصل ہے اور دوسرا ووٹ کے حق سے محروم افراد ہوں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے ذریعہ SIR کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین نے جب راہول گاندھی کی قیادت میں گیانیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ریونت ریڈی نے برہمی کا اظہار کیا کہ جن لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ، حکومت انہیں بچا رہی ہے ۔ برخلاف اس کے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے سڑکوں سے پارلیمنٹ تک جدوجہد جاری رہے گی۔ چیف منسٹر نے یاد دلایا کہ جدوجہد آزادی میں ’’سائمن گو بیاک‘‘ تحریک چلائی گئی تھی اور اب ملک میں SIR گو بیاک کی تحریک جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ تک عوام اور اپوزیشن خاموش نہیں رہیں گے۔ سابق میں کسانوں کی تحریک کے دوران مودی حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن بعد میں اسے عوام کے آگے جھکنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے معاملہ میں حکومت گیانیش کمار کی لاکھ پشت پناہی کریں لیکن انہیں استعفیٰ دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال آگے بڑھتی ہے تو وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ہندوستانی عوام کو رائے دہی کے دستوری حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ سیاسی مخالفین کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کا استعمال کیا گیا اور الیکشن کمیشن کو سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ووٹ چوری کو روکنے اور عوام کو رائے دہی کے حق سے محروم کرنے کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام متحد ہوکر آواز بلند کریں تو حکومت کو جھکنا پڑے گا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو متحدہ طور پر احتجاج میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔1/k/m/b