جموں: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر سے ملی ٹسی کا صفایا کر دیا گیا ہے انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ وادی میں آج بھی حملے کیوں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کو ضرور بحال کیا جا ئے گا۔ان کا کہنا ہے کہ انڈیا الائنس اچھا کام کر رہی ہے اور آگے بھی اچھا کام کرے گی۔سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا کے سوالات پر کیا۔کولگام ملی ٹنٹ حملے جس میں ایک ریٹائررڈ فوجی اہلکار جاں بحق ہوا، کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ یہ سوال ان لوگوں کو کیا جانا چاہئے جو دعویٰ کرتے ہیں کہ دہشت گردی ختم ہوئی ہے انہیں یہ بتانا چاہئے کہ اگر ملی ٹنسی ختم ہوئی ہے تو ایسے حملے کیوںکر ہو رہے ہیں۔ دہلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ دہلی میں 5 فروری کو الیکشن ہوں گے ، جو کہتے تھے ہم آئیں گے ان کی بولتی بند ہوگئی ہے۔