پی جی کورسس میں داخلوں کا آج آخری دن ، تاریخ میں توسیع کیلئے حکام سے نمائندگی
حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت پی جی کورسس میں داخلہ کے خواہشمند امیدواروں کو انکم سرٹیفکٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت پوسٹ گریجویٹ کورسس میں داخلہ کی کل 13 ستمبر آخری تاریخ ہے۔ امیدواروں کیلئے والدین یا سرپرستوں کا انکم سرٹیفکٹ داخل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ گزشتہ چند دنوں سے ایم آر او دفاتر اور می سیوا سنٹرس میں سرور ڈاؤن ہونے کی شکایات مل رہی ہیں جس کے نتیجہ میں طلبہ کو انکم سرٹیفکٹ کی اجرائی ممکن نہیں۔ یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ اگر مکمل فیس ادا کردیں تو انکم سرٹیفکٹ داخل کرنے کے بعد فیس واپس کردی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں یونیورسٹی کی جانب سے کوئی تحریری تیقن نہیں دیا گیا جس کے نتیجہ میں داخلہ کے خواہشمند امیدواروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ طلبہ نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کو داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی ہدایت دی جائے تاکہ انکم سرٹیفکٹ داخل کرنے میں سہولت ہو۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے کورسس کے تحت سینکڑوں طلبہ داخلہ حاصل کرتے ہیں۔ کمزور طبقات اور اقلیت سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو دستاویزات کے ساتھ انکم سرٹیفکٹ داخل کرنا لازمی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ والدین کا انکم سرٹیفکٹ جو دوسرے بچوں کیلئے جاری کیا گیا تھا، وہ قابل قبول نہیں ہے۔ امیدواروں کو تازہ انکم سرٹیفکٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو انکم سرٹیفکٹ کی میعاد مقرر کرنی چاہئے۔ ہر سال نیا انکم سرٹیفکٹ حاصل کرنا دشوار کن مرحلہ ہے۔ انکم سرٹیفکٹ کم از کم 5 سال کیلئے تمام سرکاری محکمہ جات کیلئے قابل قبول ہونا چاہئے ۔ 1