انکم ٹیکس کارروائیاں : ٹالی ووڈ کے کئی پروڈیوسرس اور ڈائرکٹرس نشانہ پر

   

پروڈیوسر سوکمار کو ایر پورٹ سے واپس طلب کیا گیا، نئی فلموں کی آمدنی کی جانچ

حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیتوں کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کرتے ہوئے آج مسلسل دوسرے دن کئی پروڈیوسرس اور ڈائرکٹرس کے مکانات اور دفاتر پر دھاوے کئے۔ حیدرآباد میں مختلف مقامات پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی تقریباً 55 ٹیموں نے آج مسلسل دوسرے دن بھی دھاوؤں کو جاری رکھا۔ فلم پروڈیوسر اور تلنگانہ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین دل راجو کے علاوہ مائتری موویز اور مینگو موویز کے دفاتر پر دھاوے کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ فلموں میں سرمایہ کاری اور ٹیکس کی ادائیگی میں دھاندلیوں کے مسئلہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ فلم ’ گیم چینجر‘ کی ریلیز کے بعد ہونے والی آمدنی کی جانچ کی جارہی ہے۔ سی آر پی ایف کے تعاون سے انکم ٹیکس عہدیدار فلمی شخصیتوں کی قیامگاہوں پر دھاوے کررہے ہیں۔ ڈائرکٹر سوکمار کی قیامگاہ پر بھی انکم ٹیکس حکام نے دھاوا کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ’ پشپا2 ‘ کے ڈائرکٹر سو کمار کی قیامگاہ پر دھاوے کے دوران انہیں ایر پورٹ سے سیدھے دفتر منتقل کیا گیا۔ سوکمار ایرپورٹ سے واپس ہونے پر مجبور ہوگئے۔ تلنگانہ میں ٹالی ووڈ کے خلاف انکم ٹیکس کی اچانک کارروائیوں سے فلمی شخصیتوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اسی دوران پروڈیوسر دل راجو نے کہا کہ صرف میری قیامگاہ پر نہیں بلکہ تلگو فلم انڈسٹری پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے دھاوے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی پروڈیوسرس اور ڈائرکٹرس کے خلاف انکم ٹیکس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی نئی فلموں کی آمدنی کا جائزہ لینے کیلئے یہ دھاوے کئے جارہے ہیں۔ انکم ٹیکس عہدیداروں نے دھاوؤں کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے صرف اتنا کہا کہ یہ معمول کی کارروائیاں ہیں اور تحقیقات کی تکمیل کے بعد ہی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔1