لندن : نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی 10 وکٹوں کی شکست پر چاروں گوشوں سے تنقید کی جارہی ہے جس میں سب سے آگے خود انگلینڈ کی خاتون ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ احمدآباد میں منعقدہ سیریز کے تیسرے ٹسٹ میں انگلینڈ کو دوسرے ہی دن شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ اس مقابلہ میں مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 112 اور دوسری اننگز میں 81 رنز بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے کامیابی کیلئے مطلوبہ 49 رنز کا نشانہ بغیر کسی پریشانی کے حاصل کرلیا۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ کی خاتون ٹیم کی کھلاڑی الیکس ہارٹلی نے طنزیہ ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’خاتون ٹیم کے نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ سے قبل ہی انگلینڈ کی مرد ٹیم نے ٹسٹ ختم کردیا۔ یہ دیکھ کر کافی اچھا لگا کہ انگلش ٹیم کے مرد کھلاڑی اپنی خاتون ٹیم کی حمایت کیلئے اپنا مقابلہ جلد ختم کردیا ہے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا ڈیونڈن میں دوسرے دن ونڈے مقابلہ تھا۔ الیکس کے اس ٹوئیٹ پر انگلش ٹیم کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین روڈی برنس نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا۔ بعدازاں الیکس کے ٹوئیٹ میں مزاح کا زاویہ ڈھونڈنے کے بعد برنس نے اپنا ٹوئیٹ خود ہی حذف کردیا۔ انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے الیکس کے ٹوئیٹ کو پسند کیا۔ الیکس نے اپنے ٹوئیٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو توڑموڑ کر پیش کیا گیا حالانکہ ان کا منشا کسی کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ انگلش ٹیم جس نے چینائی میں سیریز کا آغاز کرتے ہوئے پہلے ٹسٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد چینائی میں دوسرے ٹسٹ اور اب احمدآباد میں پہلے ٹسٹ میں شکست کی وجہ سے اسے رواں سیریز میں 2-1 کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس شکست پر ٹیم کے کپتان جیوروٹ بھی کافی مایوس ہیں۔ روٹ نے کہا کہ مقابلہ میں ہم دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز اسکور کرچکے تھے جس کا کھلاڑیوں نے فائدہ نہیں اٹھایا –